August 31, 2026
سانحہ پمز: اسپتال انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا کچا چٹھا کھل گیا

اسلام آباد کے سرکاری اسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ وارڈ کی نرسری میں خوفناک آتشزدگی کے بعد انتظامیہ کی سنگین غفلت کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

منظر عام پر آنے والے ریکارڈ کے مطابق کیپیٹل فائر سروسز کی جانب سے سال 2018 سے پمز انتظامیہ کو فائر سیفٹی کے ناقص نظام کے حوالے سے مسلسل نوٹسز بھیجے جاتے رہے تھے۔ فائر سروسز نے پمز کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ اور اسپتال سیل کرنے کی وارننگز دینے کے ساتھ ساتھ بند ایمرجنسی راستوں اور کھلی وائرنگ کی نشاندہی بھی کی تھی۔

10 نومبر 2025 کو جاری حتمی نوٹس میں واضح کیا گیا تھا کہ حفاظتی اقدامات نہ کرنا دانستہ غفلت ہے اور کسی بھی سانحے کی تمام تر ذمہ داری اسپتال انتظامیہ پر ہوگی، جس کی کاپیاں وزارت قومی صحت، کیڈ، ایم سی آئی اور سی ڈی اے کو بھی ارسال کی گئی تھیں۔

پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کی حتمی وجہ کے بارے میں تضادات تاحال برقرار ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی کی مرتب کردہ 11 صفحات پرمشتمل رپورٹ میں بھی حتمی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔

رپورٹ میں انکیوبیٹر، وارمر، اے سی، پلگ، ساکٹ یا وائرنگ سے آگ لگنے کا شبہ ظاہر کیا گیاہے۔ دوسری جانب اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے مطابق اس کے ریکارڈ میں اسپتال میں بجلی کی خرابی یا ٹرپنگ کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

واقعے کی تحقیقات کے بعد وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ متاثرہ وارڈ میں کوئی فائرالارم یا اسپرنکل سسٹم بھی موجود نہیں تھا۔ جس کے باعث آگ لگنے اور پورا وارڈ جلنے میں صرف دو منٹ لگے جب کہ ایمرجنسی سروسز کو کال 6 منٹ بعد کی گئی۔

وفاقی حکومت نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر کو چار ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق این آئی ایچ کے ڈاکٹر محمد سلمان کو تین سال کے لیے ای ڈی پمز کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اسپتال کے امور چلانے کے لیے ڈاکٹر الطاف حسین کو جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نان میڈیکل، ڈاکٹر نزہت یاسمین کو جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر چلڈرن اسپتال، ڈاکٹر شمائلہ کو شعبہ امراض نسواں کی سربراہ، ڈاکٹر رحمانہ وارث کو ایسوسی ایٹ پروفیسر پیڈیاٹرکس، ڈاکٹر آمنہ کو شعبہ امراض نسواں ایم سی ایچ میں سینئر رجسٹرار اور حسن اشرف کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

نئے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پِمز ڈاکٹرمحمد سلمان نے چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اعتماد کرتے ہوئے مشکل حالات میں انہیں اہم ذمہ داری دی ہے۔ انہوں نے انکوائری کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ پرعمل درآمد کو ترجیح قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ پِمز کی تحقیقات جاری ہیں، یقینی بنائیں گے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔ ڈاکٹر محمد سلمان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مریضوں کی حفاظت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پمز اسپتال میں گنجائش سے زیادہ مریضوں کی آمد کا بھی حل نکالیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *